چکوٹھی میں لاک ڈاؤن کی کال مسترد، بازار معمول کے مطابق کھلے رہے
عوامی مفاد اور معاشی سرگرمیوں کے تسلسل کے لیے بازاروں اور کاروباری مراکز کا کھلا رہنا ضروری ہے
آزاد جموں و کشمیر میں مختلف حلقوں کی جانب سے حالیہ لاک ڈاؤن کی اپیل پر ردِعمل سامنے آ رہا ہے، جبکہ چکوٹھی سیکٹر میں معمولاتِ زندگی معمول کے مطابق جاری رہے۔
مقامی تاجروں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے کاروباری سرگرمیاں جاری رکھیں اور بازار کھلے رہے۔ چکوٹھی اور اس کے نواحی علاقوں میں لوگ روزمرہ ضروریات کی خریداری کرتے دکھائی دیے۔
اس موقع پر چکوٹھی بازار کے تاجروں نے راجہ قاصد کی قیادت میں ایک اجلاس منعقد کیا، جس میں پاکستان اور پاک فوج کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ شرکاء نے خطے میں امن، استحکام اور معمولاتِ زندگی کی بحالی کی حمایت پر زور دیا۔
اجلاس کے دوران مقررین کا کہنا تھا کہ عوامی مفاد اور معاشی سرگرمیوں کے تسلسل کے لیے بازاروں اور کاروباری مراکز کا کھلا رہنا ضروری ہے۔ تاجروں نے علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے اور معمول کی سرگرمیوں کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔
مقامی مبصرین کے مطابق چکوٹھی میں کاروباری اور سماجی سرگرمیوں کا معمول کے مطابق جاری رہنا اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ شہری اپنے روزمرہ معاملات اور معاشی سرگرمیوں کو بلا تعطل جاری رکھنے کے خواہاں ہیں۔