نصیرآباد میں 132 کے وی بجلی کا ٹاور دھماکے سے تباہ
دھماکے کی وجوہات اور اس میں ملوث عناصر کا سراغ لگانے کے لیے تحقیقات جاری ہیں
نصیرآباد: بلوچستان کے ضلع نصیرآباد میں نامعلوم افراد نے 132 کے وی بجلی کے ٹرانسمیشن ٹاور کو دھماکے سے تباہ کر دیا، جس کے نتیجے میں بولان اور گرد و نواح کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔
پولیس کے مطابق واقعہ نامعلوم افراد کی جانب سے دھماکا خیز مواد نصب کیے جانے کے باعث پیش آیا۔ اطلاع ملتے ہی قانون نافذ کرنے والے ادارے موقع پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے۔
کیسکو نے بھی واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ متاثرہ 132 کے وی ٹرانسمیشن لائن سبی سے بولان تک بجلی کی فراہمی کا اہم ذریعہ تھی، جس کے متاثر ہونے سے متعدد علاقوں میں بجلی کی سپلائی منقطع ہو گئی۔
ترجمان کیسکو کے مطابق بجلی کی بحالی کے لیے امدادی اور تکنیکی ٹیمیں فوری طور پر متاثرہ مقام پر روانہ کر دی گئی ہیں، جہاں نقصان کا جائزہ لینے اور مرمتی کام کا آغاز کیا جا رہا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کی وجوہات اور اس میں ملوث عناصر کا سراغ لگانے کے لیے تحقیقات جاری ہیں، جبکہ واقعے کے بعد علاقے کی سکیورٹی بھی مزید سخت کر دی گئی ہے۔