گل پلازہ آتشزدگی کیس:مارکیٹ یونین نے پولیس کی تفتیش عدالت میں چیلنج کر دی

رواں سال جنوری میں گل پلازہ میں لگنے والی ہولناک آگ کے نتیجے میں 70 سے زائد افراد جان کی بازی ہار گئے تھے

July 6, 2026 · قومی

کراچی: گل پلازہ آتشزدگی کیس میں مارکیٹ یونین نے پولیس کی تحقیقات پر اعتراض اٹھاتے ہوئے عدالت سے رجوع کر لیا ہے اور تفتیش کو غیر جانبدارانہ انداز میں دوبارہ کرانے کی درخواست دائر کر دی ہے۔

رواں سال جنوری میں گل پلازہ میں لگنے والی ہولناک آگ کے نتیجے میں 70 سے زائد افراد جان کی بازی ہار گئے تھے، جس کے بعد واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے مختلف سطحوں پر تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔

پولیس کی جانب سے تیار کیے گئے چالان میں گل پلازہ مارکیٹ یونین کے صدر تنویر پاستا، نائب صدر حذیفہ عمار اسماعیل، جنرل سیکریٹری امین، جوائنٹ سیکریٹری محمد رمضان اور جس دکان سے آگ شروع ہونے کا بتایا گیا اس کے مالک نعمت اللہ کو واقعے کا ذمہ دار قرار دیا گیا۔

تاہم پراسیکیوشن نے تفتیش کو ناکافی قرار دیتے ہوئے چالان پر اعتراضات عائد کر کے اسے مزید کارروائی کے لیے واپس بھیج دیا۔

دوسری جانب مارکیٹ یونین کے عہدیداروں نے پولیس کی تفتیش کو عدالت میں چیلنج کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ آتشزدگی کے اس سانحے میں سرکاری اداروں کی مبینہ غفلت کو نظر انداز کیا گیا، جبکہ متاثرہ افراد کو ہی مقدمے میں ملزم بنا دیا گیا۔

درخواست میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ پولیس نے تفتیش کے دوران ایک کم عمر بچے کو بھی ملزمان کی فہرست میں شامل کیا، جس پر یونین نے شدید اعتراض اٹھایا ہے۔

درخواست گزاروں نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ کیس کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کے لیے پولیس کے ساتھ متعلقہ حساس اداروں کو بھی شامل کیا جائے تاکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا مکمل جائزہ لیا جا سکے۔

ادھر مقدمے سے متعلق قانونی کارروائی اور عدالت میں درخواست پر مزید سماعت کا انتظار کیا جا رہا ہے۔