ٹی وی ریکارڈنگ کے دوران کامیڈین اللہ رکھاپیپسی ہارٹ اٹیک سے چل بسے

عمر 50 برس تھی۔ ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن جانبر نہ ہوسکے

July 6, 2026 · قومی

فائل فوٹو

 

پاکستان کے معروف کامیڈین اور اسٹیج اداکار اللہ رکھا پیپسی 50 سال کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔ ایک نجی ٹی وی میں پروگرام کی ریکارڈنگ کے دوران ہارٹ اٹیک پر انہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے

اللہ رکھا پیپسی نے اپنے منفرد مزاحیہ انداز، برجستہ مکالموں اور جاندار اداکاری کے باعث شوبز انڈسٹری میں نمایاں مقام بنایا۔ انہوں نے متعدد اسٹیج ڈراموں میں اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا اور اپنے مخصوص مزاح سے شائقین کے دل جیتے۔انہوں نے اسٹیج کے علاوہ مختلف ٹی وی مزاحیہ پروگراموں اور ڈراموں میں بھی پرفارم کیا، جہاں ان کی حاضر جوابی اور قدرتی اداکاری کو خوب سراہا گیا۔

ان کے انتقال کی خبر پر شوبز حلقوں اور مداحوں میں گہرے رنج و غم کی لہر دوڑ گئی، جبکہ فنکار برادری نے ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اسے پاکستانی اسٹیج کے لیے بڑا نقصان قرار دیا۔
ایک انٹرویو میں اللہ رکھا پیپسی نے اپنے نام کے ساتھ لفظ ’پیپسی‘ لگانے کی وجہ یہ بتائی تھی کہ ایک دن وہ پیپسی پی رہے تھے، جس پر معروف سٹیج اداکار ببو برال نے کہا کہ ’تمہارا اپنا رنگ پیپسی جیسا ہے، آج کے بعد تمہارا نام اللہ رکھا پیپسی ہوگا۔‘، جس کے بعد میرا نام یہ بن گیا۔