حوالدار لالک جان شہید نشان حیدر کی برسی پر قوم اور مسلح افواج کا خراج تحسین

عظیم قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی،عسکری قیادت کا پیغام

July 7, 2026 · امت خاص

 

پاکستانی افواج نے کارگل جنگ میں شہید ہونے والے قومی ہیرو حوالدار لالک جان نشانِ حیدر کی برسی پر انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

پاک فوج کے سربراہ، چیف آف ڈیفینس فورسزفیلڈ مارشل سید عاصم منیر، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف، پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، اور مسلح افواج نے حوالدار لالک جان شہید کی بہادری، وطن کے لیے ان کی بے لوث قربانی اور لازوال میراث کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، 1999 میں کارگل کے محاذ پر حوالدار لالک جان شہید نے دشمن کے مسلسل حملوں کے خلاف اپنے مورچے کی دفاع کرتے ہوئے غیر معمولی بہادری کا مظاہرہ کیا۔ شدید زخمی ہونے کے باوجود انہوں نے علاج کے لیے پیچھے جانے سے انکار کر دیا اور اپنے ساتھیوں کی قیادت کرتے ہوئے آخری سانس تک لڑائی جاری رکھی۔

افواج پاکستان کا کہناہے کہ حوالدار لالک جان شہید کی قربانی ہمت، استقامت اور بے لوث خدمت کی ایک درخشاں مثال ہے۔ ان کی یاد آنے والی نسلوں کے لیے فرض، عزت اور وطن پرستی کے اعلیٰ ترین معیارکا استعارہ بنی رہے گی۔

مسلح افواج اور پاکستانی قوم نے شہدائے پاکستان کے مقصد پر پوری طرح عمل پیرا ہونے اور ملکی خودمختاری و سلامتی کی حفاظت کے لیے اسی جذبے، جرات اور لگن کے ساتھ کھڑے رہنے کا عزم کیا ہے۔

پاکستان کی مسلح افواج اور عوام ان کے عظیم قربانی کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔