راولپنڈی میں ڈانس پارٹی کے دوران نوجوان پراسرار طور پر جاں بحق۔تحقیقات شروع
پارٹی کے دوران نوجوان کی ہلاکت، پولیس نے شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے
راولپنڈی کے علاقے چکلالہ میں منعقدہ ایک نجی ڈانس پارٹی اس وقت افسوسناک واقعے میں بدل گئی جب ایک نوجوان اچانک بے ہوش ہو کر جان کی بازی ہار گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ نوجوان نے مبینہ طور پر نشہ آور گولی استعمال کی، جس کے باعث اس کی سانس رک گئی اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ چکلالہ کی گلریز چوکی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے کے ساتھ پارٹی میں موجود افراد سے بھی پوچھ گچھ شروع کر دی۔ پولیس نے لاش کو قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں، جبکہ پوسٹ مارٹم اور فرانزک رپورٹس سامنے آنے کے بعد ہی موت کی اصل وجہ اور ذمہ داروں کا تعین کیا جا سکے گا۔