زیارت میں مانگی ڈیم پر دہشت گردوں کا حملہ، 9 پولیس اہلکار شہید

مانگی ڈیم کے قریب سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں میں شدید جھڑپ

July 7, 2026 · قومی

بلوچستان کے ضلع زیارت میں دہشت گردوں نے پولیس اہلکاروں کو نشانہ بناتے ہوئے حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں 9 اہلکار شہید ہو گئے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق یہ حملہ مانگی ڈیم کے فیز تھری کے علاقے میں پیش آیا، جہاں دہشت گردوں نے پولیس کی نفری پر اچانک حملہ کیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی فورسز کی اضافی نفری طلب کر لی گئی اور سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق گزشتہ رات سے دہشت گردوں اور پولیس کے درمیان وقفے وقفے سے فائرنگ کا تبادلہ جاری تھا، جس کے دوران 9 پولیس اہلکار شہید ہوئے۔ شہداء کی لاشیں ضلعی ہیڈکوارٹر (ڈی ایچ کیو) اسپتال زیارت منتقل کر دی گئی ہیں۔

سیکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش کا عمل تیز کر دیا ہے، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات بھی جاری ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کو گرفتار کرنے اور علاقے کو مکمل طور پر محفوظ بنانے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔