کراچی میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام،مشتبہ افراد گرفتار
دونوں مشتبہ افراد نے مبینہ طور پر کالعدم تنظیم کے تربیتی کیمپوں میں مختلف نوعیت کی تربیت حاصل کی،
کراچی: محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے کارروائی کرتے ہوئے شہر میں مبینہ دہشت گردی کا ایک منصوبہ ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ حکام کے مطابق کارروائی کے دوران کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) سے مبینہ تعلق رکھنے والے دو مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔
سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار افراد کی شناخت مجاہد بلوچ اور فرید بلوچ عرف ذاکر بن کے نام سے ہوئی ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ دونوں مشتبہ افراد نے مبینہ طور پر کالعدم تنظیم کے تربیتی کیمپوں میں مختلف نوعیت کی تربیت حاصل کی، جس میں ریکی اور مواصلاتی نظام سے متعلق مہارت بھی شامل ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد کراچی میں رہ کر حساس مقامات سے متعلق معلومات اکٹھی کرنے اور انہیں اپنی تنظیم تک پہنچانے میں مبینہ طور پر ملوث تھے۔ مزید یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور حساس تنصیبات کو نشانہ بنانے کے لیے نیٹ ورک قائم کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق ملزمان کے قبضے سے تقریباً چار کلوگرام دھماکا خیز مواد، ڈیٹونیٹر، پرائما کارڈ اور بال بیرنگ برآمد کیے گئے ہیں، جنہیں قبضے میں لے کر مزید فرانزک جانچ کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔
حکام نے بتایا کہ دونوں مشتبہ افراد کے خلاف سی ٹی ڈی تھانے میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔ اس سلسلے میں سی ٹی ڈی اور دیگر متعلقہ اداروں نے مشترکہ تحقیقاتی ٹیمیں بھی تشکیل دے دی ہیں تاکہ ممکنہ سہولت کاروں اور نیٹ ورک کے دیگر ارکان تک پہنچا جا سکے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔