مہنگی ایل پی جی فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن،12دکانیں سیل

اوگرا کے مقررہ نرخوں پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا اور ناجائز منافع خوری میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔

July 7, 2026 · قومی

اسلام آباد۔مہنگی ایل پی جی فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن، 12 دکانیں سیل کر دی ضلعی انتظامیہ اسلام آباد نے سرکاری نرخ سے زائد قیمت پر ایل پی جی فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کر دیا ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر رورل فہد چیمہ کی سربراہی میں مختلف علاقوں میں کارروائیاں کی گئیں، جن کے دوران اوگرا کے مقررہ نرخوں کی خلاف ورزی کرنے والی 12 ایل پی جی دکانوں کو سیل کر دیا گیا۔ کارروائی میں ایسے دکانداروں اور ہول سیلرز کو نشانہ بنایا گیا جو سرکاری نرخ سے زائد قیمت وصول کر رہے تھے۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر رورل فہد چیمہ نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اوگرا کے مقررہ نرخوں پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا اور ناجائز منافع خوری میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔

ضلعی انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ ریٹ لسٹ آویزاں نہ کرنے یا مقررہ قیمت سے زائد وصولی کی صورت میں بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے، جبکہ متعلقہ دکان کو سیل بھی کیا جا سکتا ہے۔

انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر کوئی دکاندار سرکاری نرخ سے زائد قیمت پر ایل پی جی فروخت کرے تو فوری طور پر ضلعی انتظامیہ کے کنٹرول روم کو اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔