جنوبی وزیرستان میں پہلی بار خاتون جرگہ رکن مقرر

یہ تقرری ضلع پولیس آفیسر کی سفارش پر عمل میں آئی، جبکہ کونسل کی منظوری علاقائی پولیس حکام نے دی۔

July 7, 2026 · قومی

پشاور: جنوبی وزیرستان اپر میں پہلی مرتبہ ایک خاتون کو ڈسپیوٹ ریزولوشن کونسل (ڈی آر سی) کا رکن مقرر کیا گیا ہے، جسے قبائلی علاقوں میں خواتین کی نمائندگی کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق، سماجی کارکن رضیہ محسود کو 17 رکنی ڈسپیوٹ ریزولوشن کونسل میں شامل کیا گیا ہے۔ یہ تقرری ضلع پولیس آفیسر کی سفارش پر عمل میں آئی، جبکہ کونسل کی منظوری علاقائی پولیس حکام نے دی۔

مقامی سماجی اور قبائلی حلقوں کا کہنا ہے کہ رضیہ محسود کی شمولیت سے خواتین کو اپنے مسائل پیش کرنے اور انصاف کے عمل تک رسائی میں آسانی ملے گی۔ ان کے مطابق خواتین سے متعلق تنازعات کے حل میں بھی یہ اقدام مثبت کردار ادا کر سکتا ہے۔

علاقے کی سماجی شخصیات نے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام جنوبی وزیرستان میں خواتین کی فیصلہ سازی کے عمل میں شمولیت کو فروغ دینے اور ان کے کردار کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

مبصرین کے مطابق قبائلی اضلاع میں خواتین کی نمائندگی بڑھانے سے نہ صرف مقامی سطح پر اعتماد میں اضافہ ہوگا بلکہ سماجی اور انتظامی معاملات میں بھی مثبت تبدیلی کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔