نیشنل پاپولیشن کونسل قائم،وزیراعظم چیئرمین،چیف آف ڈیفنس رکن ہوں گے
کونسل میں چیف آف ڈیفنس فورسز، چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، وزیراعظم آزاد کشمیر اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان بھی شامل ہوں گے۔
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ملک میں آبادی میں تیزی سے اضافے کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے 16 رکنی نیشنل پاپولیشن کونسل تشکیل دے دی ہے، جس کی سربراہی وزیراعظم کریں گے۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق کونسل میں چیف آف ڈیفنس فورسز، چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، وزیراعظم آزاد کشمیر اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان بھی شامل ہوں گے۔
کونسل کے دیگر ارکان میں وفاقی وزرائے خزانہ، منصوبہ بندی، صحت، تعلیم، قانون، اطلاعات اور مذہبی امور شامل ہیں، جو آبادی سے متعلق قومی پالیسی کی تشکیل اور اس پر عمل درآمد کے لیے مشترکہ حکمت عملی اختیار کریں گے۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق نیشنل پاپولیشن کونسل کا بنیادی مقصد آبادی میں اضافے پر قابو پانے کے لیے مؤثر اور پائیدار پالیسی تیار کرنا، وفاق اور صوبوں کے درمیان بہتر ہم آہنگی پیدا کرنا اور اس حوالے سے قومی سطح پر اتفاقِ رائے کو فروغ دینا ہے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ آبادی سے متعلق آگاہی اور عوامی تعاون بڑھانے کے لیے مذہبی رہنماؤں، سول سوسائٹی، نجی شعبے اور دیگر متعلقہ اداروں کو بھی مہم کا حصہ بنایا جائے گا تاکہ آبادی کے مسائل سے نمٹنے کے لیے مربوط اقدامات کیے جا سکیں۔