ممکنہ ہنگامی صورتحال میں کارگو طیارے کو مے ڈےکال کاموقع نہیں ملا

بوئنگ 737 کارگو طیارہ گزشتہ رات شارجہ سے کراچی کے لیے روانہ ہوا تھا، تاہم پرواز کے دوران رات 9 بج کر 21 منٹ پر اس کا ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ منقطع ہو گیا۔

July 8, 2026 · امت خاص, قومی

شارجہ سے کراچی آنے والے نجی ایئرلائن کے کارگو طیارے کے حادثے کے بعد کمپنی نے باضابطہ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے واقعے کی تفصیلات اور جاری امدادی اقدامات سے آگاہ کیا ہے۔

ایئرلائن کے مطابق بوئنگ 737 کارگو طیارہ گزشتہ رات شارجہ سے کراچی کے لیے روانہ ہوا تھا، تاہم پرواز کے دوران رات 9 بج کر 21 منٹ پر اس کا ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ منقطع ہو گیا۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ طیارے میں عملے کے پانچ افراد سوار تھے، جن میں کپتان، فرسٹ آفیسر، لوڈ ماسٹر اور دو انجینئر شامل ہیں۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل تعاون جاری ہے، سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں بحری اور فضائی وسائل حصہ لے رہے ہیں۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق طیارہ کراچی کے قریب سمندر میں حادثے کا شکار ہوا۔ حکام کے مطابق طیارے کا ریڈار سے رابطہ کراچی سے تقریباً 155 ناٹیکل میل مغرب میں منقطع ہوا تھا، بعض ابتدائی رپورٹس میں نیوی گیشن سسٹم میں ممکنہ خرابی کو حادثے کی ایک وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔ تاہم حادثے کی حتمی وجہ سرکاری تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی سامنے آئے گی۔

ائیرٹریفک کنٹرولر نے کہا ہے کہ لاپتا طیارے کے پائلٹ نے آخری پیغام مے ڈےکال نہیں دی تھی، ممکنہ طور پر ہنگامی صورتحال میں پائلٹ کو مے ڈےکال کا موقع نہیں ملا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ لاپتا طیارہ فنی خرابی کے بعد مرمت کیلئے شارجہ گیا تھا۔ طیارہ 5دن شارجہ میں رہا اور فیری فلائٹ ( خالی طیارہ ) کرتے ہوئے کراچی واپس آ رہا تھا۔

ذرائع کے مطابق شارجہ میں طیارے کی مرمت Northern techniques نامی کمپنی نے کی یہ کمپنی پاکستان کے ایک سابق مشیر ہوابازی کی بتائی جاتی ہے۔

ایئرلائن انتظامیہ نے عملے کے ارکان کی سلامتی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ متاثرہ خاندانوں کے ساتھ رابطے میں ہے اور صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔