خیبرپختونخوا پولیس کو جدید تھرمل ٹیکنالوجی سے لیس 76 ڈرونز فراہم
نئے ڈرونز میں نصب تھرمل کیمرے اندھیرے، دھند، دھوئیں اور دشوار گزار علاقوں میں بھی حرارت کی مدد سے افراد اور اشیا کی نشاندہی کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں
پشاور: خیبرپختونخوا پولیس کو جدید تھرمل ٹیکنالوجی سے لیس 76 ڈرونز فراہم کر دیے گئے ہیں، جنہیں مختلف آپریشنز، نگرانی اور ہنگامی صورتحال میں استعمال کیا جائے گا۔
پولیس حکام کے مطابق نئے ڈرونز میں نصب تھرمل کیمرے اندھیرے، دھند، دھوئیں اور دشوار گزار علاقوں میں بھی حرارت کی مدد سے افراد اور اشیا کی نشاندہی کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، جس سے سرچ اور ریسکیو سمیت سکیورٹی آپریشنز کو مزید مؤثر بنایا جا سکے گا۔
خیبرپختونخوا پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ جدید ڈرونز متعدد آپریشنل مقاصد کے لیے استعمال کیے جائیں گے اور فورس کی نگرانی، جرائم کی روک تھام اور فوری ردعمل کی صلاحیت میں اہم کردار ادا کریں گے۔
انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید کا کہنا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال پولیس نظام کو مؤثر، تیز رفتار اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔ ان کے مطابق نئی ٹیکنالوجی کی بدولت پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں مزید بہتری آئے گی اور عوام کو بہتر سکیورٹی خدمات فراہم کی جا سکیں گی۔