پاکستان کی سعودی عرب سے 5 ارب ڈالر کے ڈپازٹس کو سرمایہ کاری میں تبدیل کرنے کی درخواست

سعودی حکام نے پاکستان کی تجویز پر مثبت ردعمل دیا ہے اور ڈپازٹس کو طویل المدتی سرمایہ کاری میں تبدیل کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے

July 8, 2026 · قومی

اسلام آباد: پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان معاشی تعاون کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان نے اسٹیٹ بینک میں موجود 5 ارب ڈالر کے سعودی ڈپازٹس کو براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) میں تبدیل کرنے کی باضابطہ درخواست کر دی ہے، جس پر دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے مذاکرات آخری مراحل میں داخل ہو چکے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی حکام نے پاکستان کی تجویز پر مثبت ردعمل دیا ہے اور ڈپازٹس کو طویل المدتی سرمایہ کاری میں تبدیل کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ مجوزہ منصوبے کے تحت سرمایہ کاری بندرگاہوں، معدنیات و کان کنی، شپنگ، لاجسٹکس اور بحری انفراسٹرکچر سمیت چار اہم شعبوں میں کی جائے گی۔

معاشی ماہرین کے مطابق اگر یہ منصوبہ حتمی شکل اختیار کر لیتا ہے تو پاکستان پر بیرونی قرضوں کی واپسی کا دباؤ نمایاں طور پر کم ہو جائے گا، جبکہ زرِ مبادلہ کے ذخائر کو بھی زیادہ پائیدار استحکام حاصل ہوگا۔

یاد رہے کہ سعودی عرب نے حال ہی میں پاکستان کے پاس موجود 5 ارب ڈالر کے ڈپازٹس کی مدت میں 2028 تک توسیع کی تھی۔ اب دونوں ممالک ان فنڈز کو قرض کی بجائے سرمایہ کاری کی شکل دینے پر غور کر رہے ہیں، جس سے معیشت کو طویل المدتی فوائد، نئی سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع میسر آنے کی توقع ہے۔

ذرائع کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات مثبت انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں اور حتمی معاہدہ طے پانے کی صورت میں پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری کے ایک نئے مرحلے کا آغاز ہو سکتا ہے۔