دو غیر ملکی خواتین اغوا و زیادتی کیس،رضا ڈار سمیت 4 ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں اضافہ

پولیس کو مقدمے میں مبینہ طور پر استعمال ہونے والی گاڑی، لیپ ٹاپ، نقد رقم اور اسلحہ بھی برآمد کرنا ہے، جس کے لیے مزید وقت درکار ہے۔

July 8, 2026 · قومی

لاہور: دو غیر ملکی خواتین کے مبینہ اغوا اور زیادتی کے مقدمے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں کینٹ کچہری نے مرکزی ملزم رضا ڈار سمیت چار ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں مزید پانچ روز کی توسیع کر دی۔

سماعت کے دوران پولیس نے جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر چاروں ملزمان کو سخت سکیورٹی میں عدالت کے روبرو پیش کیا، جبکہ ان کے چہروں کو ماسک سے ڈھانپا گیا تھا۔

استغاثہ نے عدالت سے مزید جسمانی ریمانڈ کی درخواست کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ ملزمان کے ڈی این اے اور فنگر پرنٹ ٹیسٹ مکمل کیے جا چکے ہیں، تاہم تفتیش ابھی جاری ہے۔ پراسیکیوٹر کے مطابق پولیس کو مقدمے میں مبینہ طور پر استعمال ہونے والی گاڑی، لیپ ٹاپ، نقد رقم اور اسلحہ بھی برآمد کرنا ہے، جس کے لیے مزید وقت درکار ہے۔

دوسری جانب دو ملزمان کے وکیل ایڈووکیٹ سلمان شاہد نے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ان کے مؤکلوں کا مبینہ جرائم سے کوئی تعلق نہیں۔ ان کا مؤقف تھا کہ پولیس کے اپنے بیانات کے مطابق معاملہ اغوا یا زیادتی کا نہیں بلکہ کرپٹو کرنسی سے متعلق مالی تنازع کا ہے، اس لیے اس کیس کی تحقیقات فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے دائرہ اختیار میں آتی ہیں۔

فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے رضا ڈار سمیت چار ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں مزید پانچ روز کی توسیع کرتے ہوئے انہیں 13 جولائی کو دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا۔

یاد رہے کہ دو یورپی ممالک، ہالینڈ اور اسپین سے تعلق رکھنے والی خواتین کے مبینہ اغوا کا واقعہ 29 جون کو لاہور میں پیش آیا تھا۔ اس کیس میں پولیس اب تک آٹھ افراد کو گرفتار کر چکی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق مقدمے کی تحقیقات مختلف پہلوؤں سے جاری ہیں اور شواہد کی روشنی میں مزید کارروائی کی جا رہی ہے۔