خیرپور میں مبینہ زہریلا دودھ پینے سے 22 افراد بے ہوش
تمام افراد نے ایک ہی دودھ فروش سے خریدا گیا دودھ استعمال کیا تھا، جس کے بعد ان میں بے ہوشی اور طبیعت بگڑنے کی علامات ظاہر ہوئیں۔
خیرپور: ضلع خیرپور کے علاقے پیرگوٹھ میں مبینہ طور پر آلودہ دودھ پینے سے بچوں سمیت 22 افراد کی طبیعت اچانک خراب ہونے کے بعد انہیں مختلف اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا، جہاں متعدد افراد کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
پولیس کے مطابق متاثرہ افراد کا تعلق شاہی بازار، بچل کالونی، کچی آبادی اور دیگر قریبی علاقوں سے ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ تمام افراد نے ایک ہی دودھ فروش سے خریدا گیا دودھ استعمال کیا تھا، جس کے بعد ان میں بے ہوشی اور طبیعت بگڑنے کی علامات ظاہر ہوئیں۔
اطلاعات کے مطابق دودھ کی ایک کھیپ میں مبینہ طور پر مردہ چھپکلی موجود تھی، جس کے باعث دودھ آلودہ ہونے کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ تاہم حکام کا کہنا ہے کہ حتمی حقائق لیبارٹری رپورٹ اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آئیں گے۔
پولیس کے مطابق متاثرہ 22 افراد میں 8 بچوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، جبکہ دیگر متاثرین کو بھی طبی نگرانی میں رکھا گیا ہے۔
واقعے کے بعد پولیس اور متعلقہ اداروں نے دودھ فروش اور دودھ کی سپلائی کے حوالے سے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ واقعے کی اصل وجوہات معلوم کی جا سکیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ذمہ دار عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔