لاہور اور کراچی میں امریکی قونصل خانوں میں قونصلر سروسز بحال ، ویزا پراسیسنگ شروع

ویزا کے حصول کے لیے کسی ایجنٹ یا درمیانی شخص کو ادائیگی نہ کریں ، شہریوں کو یدایت

July 9, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد: امریکا نے اعلان کیا ہے کہ لاہور اور کراچی میں اس کے قونصل خانوں میں معمول کی قونصلر سروسز بحال کی جارہی ہیں، جن میں ویزا پراسیسنگ اور امریکی شہریوں کے لیے خدمات شامل ہیں۔

یہ سروسز مارچ میں اس وقت معطل کر دی گئی تھیں جب پاکستان میں پرتشدد احتجاجی مظاہرے پھوٹ پڑے تھے۔ یہ مظاہرے فروری میں ایران پر امریکی اور اسرائیلی حملوں کے بعد شروع ہوئے تھے، جن میں ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے شہید ہونے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔کراچی میں مظاہرین نے امریکی قونصل خانے کی بیرونی سیکیورٹی دیوار عبور کرنے کی کوشش کی تھی جس پر سیکیورٹی فورسز سے تصادم کے دوران ہلاکتیں بھی ہوئی تھیں۔ اس کے بعد سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر قونصلر سروسز معطل کر دی گئی تھیں۔

امریکی سفارت خانے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ لاہور اور کراچی میں قونصل خانے اپنی سروسز بحال کرنے جارہے ہیں۔شہریوں کو ہدایت کی گئی کہ ویزا کے حصول کے لیے کسی ایجنٹ یا درمیانی شخص کو ادائیگی نہ کریں بلکہ براہ راست سرکاری ویب سائٹ سے رجوع کریں۔تاہم سروسز کی بحالی کا حتمی وقت یا تاریخ نہیں بتائی گئی۔

یاد رہے کہ رواں سال امریکی محکمہ خارجہ نے پشاور میں اپنا قونصل خانہ مستقل طور پر بند کرنے کا اعلان بھی کیا تھا، جس کے بعد وہاں کی سروسز اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے اور دیگر قونصل خانوں کے ذریعے فراہم کی جا رہی ہیں۔

امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ امریکی سفارتی عملے کی سلامتی کو یقینی بنانے اور وسائل کے مؤثر استعمال کے تناظر میں کیا گیا۔