نارووال میں بھارتی ساختہ مارٹر گولا برآمد،ناکارہ بنا دیا گیا

اطلاع ملنے پر پولیس ٹیم موقع پر پہنچی، علاقے کو حفاظتی حصار میں لیا اور ابتدائی جائزے کے بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کر لیا

July 9, 2026 · قومی

 نارووال کے نواحی علاقے لیسر کلاں میں ایک مشکوک مارٹر گولا ملنے کے بعد علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ مقامی افراد نے زمین پر پڑی مشکوک شے دیکھتے ہی فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔

اطلاع ملنے پر پولیس ٹیم موقع پر پہنچی، علاقے کو حفاظتی حصار میں لیا اور ابتدائی جائزے کے بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کر لیا۔ ماہرین نے احتیاطی کارروائی کرتے ہوئے مارٹر گولے کو محفوظ انداز میں ناکارہ بنایا اور مزید جانچ کے لیے اپنی تحویل میں لے لیا۔

حکام کے مطابق برآمد ہونے والے گولے کا وزن تقریباً ایک کلوگرام بتایا گیا ہے۔ واقعے کے دوران کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔

بم ڈسپوزل ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ گولا پھٹ جاتا تو قریبی آبادی کو شدید نقصان پہنچ سکتا تھا، اسی لیے بروقت کارروائی کے ذریعے ممکنہ خطرے کو ٹال دیا گیا۔

پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ یہ مارٹر گولا وہاں کیسے پہنچا۔ حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی مشکوک یا دھماکا خیز شے کی صورت میں اسے ہاتھ لگانے کے بجائے فوراً متعلقہ اداروں کو اطلاع دیں۔