ترکیہ میں غیر قانونی افغان مہاجرین کے خلاف کارروائیاں تیز،متعدد افراد گرفتار

یہ افراد غیر قانونی راستے سے یورپ جانے کی کوشش کر رہے تھے۔ اس کارروائی کے دوران مبینہ طور پر انہیں منتقل کرنے والے ایک بس ڈرائیور کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔

July 9, 2026 · قومی

ترکیہ میں غیر قانونی طور پر مقیم اور یورپ جانے کی کوشش کرنے والے افغان شہریوں کے خلاف کارروائیوں میں تیزی آ گئی ہے۔ تازہ کارروائی کے دوران ترک حکام نے 24 افغان شہریوں کو حراست میں لے لیا۔

رپورٹس کے مطابق گرفتار افراد میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ افراد غیر قانونی راستے سے یورپ جانے کی کوشش کر رہے تھے۔ اس کارروائی کے دوران مبینہ طور پر انہیں منتقل کرنے والے ایک بس ڈرائیور کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔

ترک مائیگریشن حکام کے مطابق رواں سال کے ابتدائی پانچ ماہ میں رہائشی دستاویزات نہ رکھنے کے باعث 16 ہزار سے زائد افغان شہریوں کو حراست میں لیا جا چکا ہے، جبکہ غیر قانونی نقل و حرکت کے خلاف کارروائیاں مسلسل جاری ہیں۔

دوسری جانب یورپ کے مختلف ممالک بھی غیر قانونی امیگریشن کے خلاف سخت اقدامات کر رہے ہیں۔ حالیہ دنوں میں پولینڈ سمیت کئی ممالک نے غیر قانونی طور پر داخل ہونے والے افغان شہریوں کو گرفتار کرنے کی اطلاعات دی ہیں۔

تجزیہ کاروں کے مطابق افغانستان کی موجودہ صورتحال، معاشی مشکلات اور سکیورٹی خدشات کے باعث بہت سے افغان شہری بیرون ملک جانے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم مختلف ممالک غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام کے لیے اپنی سرحدی نگرانی اور قانونی کارروائیوں کو مزید سخت بنا رہے ہیں۔