وزیر داخلہ محسن نقوی کی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات، عالمی امن پر گفتگو

پاکستان نے مشکل حالات کے باوجود امن و استحکام کے قیام اور انسانی تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کیا ہے۔

July 9, 2026 · قومی

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز میں سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کی، جس میں علاقائی اور عالمی امن سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران مغربی ایشیا کی صورتحال، جاری تنازعات کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششوں اور عالمی امن کے فروغ کے لیے مختلف اقدامات پر گفتگو ہوئی۔

اس موقع پر اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان کے کردار اور خدمات کا بھی ذکر کیا گیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان نے مشکل حالات کے باوجود امن و استحکام کے قیام اور انسانی تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کیا ہے۔

محسن نقوی نے زور دیا کہ اقوام متحدہ کے امن مشنز کو مؤثر بنانے کے لیے واضح اور حقیقت پسندانہ مینڈیٹ کے ساتھ ضروری وسائل کی فراہمی انتہائی اہم ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے عالمی امن کے لیے پاکستان کی خدمات اور اقوام متحدہ کے امن مشنز میں طویل تعاون کو سراہتے ہوئے پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔