کروشیا کے وزیر خارجہ کا پہلی بار پاکستان کا دورہ، اسلام آباد پہنچ گئے

دورے کے دوران کروشین وزیر خارجہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کے ساتھ وفود کی سطح پر مذاکرات کریں گے۔

July 9, 2026 · قومی

کروشیا کے وزیر خارجہ و یورپی امور ڈاکٹر گورڈن گرلیچ ریڈمین ایک روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔

دفتر خارجہ کے مطابق معزز مہمان کا اسلام آباد ایئرپورٹ پر وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام نے استقبال کیا۔ دورے کے دوران کروشین وزیر خارجہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کے ساتھ وفود کی سطح پر مذاکرات کریں گے۔

ملاقاتوں میں پاکستان اور کروشیا کے درمیان دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری، اقتصادی تعاون، یورپی امور اور باہمی دلچسپی کے علاقائی و عالمی معاملات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق کروشین وزیر خارجہ کی پاکستان کی اعلیٰ سیاسی قیادت سے بھی ملاقاتیں متوقع ہیں، جن میں دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید وسعت دینے کے امور زیر بحث آئیں گے۔

حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان اور کروشیا کے درمیان دوستانہ روابط موجود ہیں، جبکہ اس دورے کا مقصد مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے اور باہمی مفاد کے نئے مواقع تلاش کرنا ہے۔