وزیراعظم شہباز شریف کوئٹہ پہنچ گئے، امن و امان سے متعلق اہم اجلاس کی صدارت کریں گے
اجلاس میں وزیراعظم کو بلوچستان میں جاری انسدادِ دہشت گردی کارروائیوں، سکیورٹی انتظامات اور مجموعی امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچ گئے، جہاں وہ بلوچستان کی سکیورٹی صورتحال اور امن و امان سے متعلق اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔
کوئٹہ ایئرپورٹ پر گورنر بلوچستان، وزیراعلیٰ بلوچستان، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس اور دیگر اعلیٰ حکام نے وزیراعظم کا استقبال کیا، جبکہ وفاقی وزراء بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم اپنے دورے کے دوران ایپکس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کریں گے، جس میں سول اور عسکری قیادت شرکت کرے گی۔
اجلاس میں وزیراعظم کو بلوچستان میں جاری انسدادِ دہشت گردی کارروائیوں، سکیورٹی انتظامات اور مجموعی امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔
اس موقع پر صوبے میں دہشت گردی کے خاتمے، عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے اور سکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے مختلف اقدامات اور حکمت عملی پر بھی غور کیا جائے گا۔