کراچی: تنخواہوں اور اضافی ڈیوٹی کے خلاف پیپلز بس سروس کے ڈرائیورز کا احتجاج
آپریشن جزوی طور پر متاثر ہوا اور شہریوں کو آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
فائل فوٹو
کراچی : پیپلز بس سروس کے ڈرائیوروں نے کم تنخواہ اور اضافی ڈیوٹی کے خلاف احتجاج کیا ہے، جس کے باعث بس سروس کا آپریشن جزوی طور پر متاثر ہوا اور شہریوں کو آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ذرائع کے مطابق پیپلز بس سروس کے ڈرائیورز یو پی ڈپو میں جمع ہوئے اور انتظامیہ کے رویے کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین کا مؤقف تھا کہ بس ڈرائیورز کی تنخواہ کو ٹرپ سسٹم سے منسلک نہ کیا جائے کیونکہ یہ طریقہ کار ان کے معاشی استحصال کا سبب بن رہا ہے۔ ڈرائیورز نے مطالبہ کیا کہ انہیں ہر ماہ 4 چھٹیاں دی جائیں اور مروجہ قوانین کے تحت مفت طبی سہولیات بھی فراہم کی جائیں۔
دوسری جانب پیپلز بس سروس کی انتظامیہ نے ڈرائیورز کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے اپنا موقف پیش کیا ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کئی ڈرائیورز اپنی ڈیوٹی پوری نہیں کرتے، یہی وجہ ہے کہ کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے تنخواہوں کو ٹرپ سسٹم سے منسلک کیا گیا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق دن میں 2 ٹرپس مکمل کرنے والے ڈرائیور کو ماہانہ 60 ہزار روپے تنخواہ دی جاتی ہے۔اگر کوئی ڈرائیور اضافی ٹرپ لگاتا ہے، تو اسے اس کے پیسے الگ سے (بونس/اوور ٹائم کی صورت میں) دیے جاتے ہیں۔