خیرپور میں رشتے کے تنازع پر فائرنگ،باپ بیٹے سمیت 4 افراد جاں بحق
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔
فائل فوٹو
خیرپور کے نواحی علاقے کوٹ میر محمد میں افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں دیرینہ رشتے کے تنازعہ پر دو گروپوں کے درمیان اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں باپ بیٹے سمیت 4 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق یہ واقعہ فیض محمد بنڈو تھانے کی حدود میں پیش آیا۔ فائرنگ کے شدید تبادلے میں ایک گروپ کے فتح محمد اور ان کا بیٹا راجہ ناریجو جبکہ دوسرے گروپ کے عیدن ناریجو اور سہراب ناریجو موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
واقعے کے بعد علاقے میں صورتحال انتہائی کشیدہ ہو گئی ہے اور دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ فائرنگ کی گونج سے آس پاس کے مکینوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے اور لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔ مقامی حلقوں کی جانب سے خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اگر صورتحال پر فوری قابو نہ پایا گیا تو مزید خون ریزی ہو سکتی ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ چکی ہے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر فائرنگ کا سلسلہ رکوانے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ۔