کرک اور کوہاٹ پولیس کا مشترکہ آپریشن۔ 4 دہشت گرد مارے گئے
خٹک ڈیم کے قریب انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی،دہشت گرد متعددپولیس اہلکاروں کی شہادت میں ملوث تھے
کرک اور کوہاٹ پولیس نے خٹک ڈیم کے قریب مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن (آئی بی او) کے دوران چار دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
پولیس کے مطابق کارروائی خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی، جس دوران سکیورٹی اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ مقابلے میں چار دہشت گرد مارے گئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے شدت پسند زاہد گروپ سے تعلق رکھتے تھے اور متعدد پولیس افسران و اہلکاروں کی شہادت سمیت مختلف دہشت گرد کارروائیوں میں مطلوب تھے۔
پولیس ترجمان کے مطابق آپریشن کی نگرانی ڈی پی او کرک اور ایس پی صدر کوہاٹ نے موقع پر موجود رہ کر کی، جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن بھی جاری رکھا گیا تاکہ کسی ممکنہ خطرے کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔