بلوچستان سے ٹرین سروس دوسرے روز بھی معطل۔جعفر ایکسپریس کی آمدورفت متاثر
ریلوے ٹریک کی مرمت جاری، مسافروں کو ٹکٹ کی مکمل رقم واپس کرنے کا اعلان
بلوچستان سے ملک کے مختلف شہروں کے لیے ٹرین سروس ریلوے ٹریک پر جاری مرمتی کام کے باعث مسلسل دوسرے روز بھی معطل رہے گی، جبکہ جعفر ایکسپریس کی آمد و رفت کا شیڈول بھی متاثر ہوگیا۔
ریلوے حکام کے مطابق ٹریک کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے، جس کے پیش نظر بلوچستان سے ٹرینوں کی روانگی عارضی طور پر روک دی گئی ہے۔ اسی وجہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس کی آج کی روانگی منسوخ کر دی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ پشاور سے کوئٹہ آنے والی جعفر ایکسپریس بھی اپنے مقررہ روٹ کے بجائے صرف جیکب آباد تک سفر کرے گی اور وہاں سے واپس روانہ ہوگی۔
محکمہ ریلوے کے مطابق ٹرین سروس 9 جولائی سے معطل ہے اور ٹریک کی مرمت مکمل ہونے کے بعد ہی بحال کی جائے گی۔ ریلوے انتظامیہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ متاثرہ مسافروں کو ان کے ٹکٹ کی مکمل رقم واپس کی جائے گی۔