ایچ نائن بازار آتشزدگی: انکوائری رپورٹ میں تاخیر اور غفلت بے نقاب

آتشزدگی کے بعد ایچ نائن بازار کے لیے سخت حفاظتی اقدامات تجویز، تحقیقاتی رپورٹ جاری

July 10, 2026 · قومی

اسلام آباد میں ایچ نائن بازار میں لگنے والی آگ کے واقعے کی تحقیقات کے لیے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے قائم انکوائری کمیٹی نے اپنی رپورٹ جاری کر دی، جس میں آتشزدگی کے دوران ریسکیو اقدامات، حفاظتی انتظامات اور انتظامی خامیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے متعدد سفارشات پیش کی گئی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق آگ ابتدائی طور پر سٹال نمبر C-432 اور C-433 میں لگی۔ کمیٹی نے سکیورٹی عملے اور متعدد دکانداروں کے بیانات بھی قلمبند کیے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رات 9 بج کر 45 منٹ پر آگ بھڑکی، تاہم فوری طور پر فائربریگیڈ کو اطلاع دینے کے بجائے بازار کے چوکیدار اور دیگر افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھانے کی کوشش کی۔

تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق فائربریگیڈ کو 9 بج کر 51 منٹ پر اطلاع دی گئی، جبکہ پہلی فائربریگیڈ گاڑی 10 بج کر 2 منٹ پر بازار پہنچی۔ اس دوران اسسٹنٹ کمشنر آئی نائن 9 بج کر 57 منٹ پر موقع پر پہنچ گئے تھے۔ امدادی کارروائیوں میں کیپیٹل ایمرجنسی سروسز، راولپنڈی ریسکیو، جناح کنونشن سینٹر کے فائربریگیڈ ٹینڈرز اور نیول ہیڈکوارٹرز کے واٹر باؤزرز نے بھی حصہ لیا، جبکہ رات 1 بج کر 20 منٹ پر آگ پر مکمل قابو پا لیا گیا۔

رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ متعدد وینڈرز اپنے سٹالز کو گودام کے طور پر استعمال کر رہے تھے اور بعض نے سٹالز آگے کرائے پر دے رکھے تھے، جس کے باعث فائر سیفٹی قوانین پر عمل درآمد نہیں ہو رہا تھا۔ مزید یہ کہ آگ لگنے کے وقت بازار میں تعینات فائربریگیڈ ٹینڈر اپنی مقررہ جگہ پر موجود نہیں تھا۔ ریسکیو حکام نے مؤقف اختیار کیا کہ گاڑی پانی بھرنے کے لیے گئی ہوئی تھی۔

انکوائری کمیٹی نے کہا ہے کہ آگ لگنے کی حتمی وجہ کا تعین فارنزک رپورٹ آنے کے بعد ہی ممکن ہوگا، تاہم بازار میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے دستیاب سہولیات ناکافی تھیں۔

کمیٹی نے مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے رات کے وقت سٹالز میں سامان رکھنے پر مکمل پابندی، بازار کے اوقات کے علاوہ سامان ذخیرہ نہ کرنے، فائر سیفٹی آڈٹ کرانے، آتش گیر ترپال کے استعمال پر پابندی، سٹالز کی سب لیٹنگ ختم کرنے اور خلاف ورزی پر الاٹمنٹ منسوخ کرنے سمیت ایمرجنسی سروسز کے آپریشنل نظام کو مزید مؤثر بنانے کی سفارشات بھی پیش کی ہیں۔