لاہور، مریدکے میں موسلا دھار بارش۔ کئی علاقوں میں بجلی معطل

تیز آندھی سے فیڈر ٹرپ، محکمہ موسمیات نے مزید شدید بارشوں کی پیش گوئی کردی۔

July 11, 2026 · قومی

لاہور، مریدکے اور گردونواح میں موسلا دھار بارش اور تیز آندھی کے باعث معمولات زندگی متاثر ہوئے، جبکہ مریدکے میں متعدد بجلی کے فیڈر ٹرپ ہونے سے کئی علاقوں کی بجلی معطل ہوگئی۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا، شمال مشرقی بلوچستان، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں مزید تیز بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مسلسل بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ جبکہ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور شہری آبادیوں کے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔

حکام نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے، نشیبی علاقوں اور ندی نالوں کے قریب احتیاط برتنے اور موسم کی تازہ صورتحال پر نظر رکھنے کی ہدایت کی ہے۔