سابق ارکانِ پارلیمنٹ کو مفت بلیو پاسپورٹ دینے کا بل قائمہ کمیٹی سے منظور

یہ بل آئندہ قانون سازی کے مراحل سے گزرنے کے بعد ہی باقاعدہ قانون کی شکل اختیار کر سکے گا۔

July 11, 2026 · قومی

اسلام آباد: سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے سابق ارکانِ پارلیمنٹ کو مفت سرکاری (بلیو) پاسپورٹ کی سہولت دینے سے متعلق ترمیمی بل کی منظوری دے دی۔

کمیٹی کے اجلاس میں سینیٹر عبدالقادر کی جانب سے دی ممبرز آف پارلیمنٹ (سیلریز اینڈ الاؤنسز) ترمیمی ایکٹ 2026 پیش کیا گیا، جسے غور کے بعد کمیٹی نے منظور کر لیا۔

بل کے متن کے مطابق سابق ارکانِ پارلیمنٹ کو مفت آفیشل (بلیو) پاسپورٹ جاری کیا جا سکے گا۔ اس کے علاوہ ان کے شریکِ حیات اور 28 سال سے کم عمر زیرِ کفالت بچوں کو بھی یہ سہولت فراہم کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

ترمیمی بل میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ریٹائرڈ وفاقی سیکرٹریز اور ان کے اہلِ خانہ کو پہلے ہی یہ سہولت حاصل ہے، اس لیے سابق ارکانِ پارلیمنٹ کو بھی اسی معیار کے مطابق سہولیات دی جانی چاہییں۔

یہ بل آئندہ قانون سازی کے مراحل سے گزرنے کے بعد ہی باقاعدہ قانون کی شکل اختیار کر سکے گا۔