ملزمہ پنکی کوجیل میں قابلِ اعتراض لباس کی اجازت نہیں دے سکتے، جیل حکام

لباس کی فراہمی پر کوئی پابندی نہیں، البتہ تمام انتظامات جیل کے قواعد و ضوابط کے مطابق کیے جاتے ہیں۔جیل حکام

July 11, 2026 · قومی

کراچی: جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں قتل کے مقدمے میں زیرِ حراست ملزمہ انمول عرف پنکی کی جانب سے جیل میں سہولیات سے متعلق دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔

سماعت کے دوران ویمن جیل سپرنٹنڈنٹ نے عدالت کو بتایا کہ ملزمہ کو معمول کے مطابق کپڑے پہننے کی اجازت ہے، تاہم جیل قوانین کے مطابق ایسا لباس پہننے کی اجازت نہیں دی جا سکتی جو ضابطوں کے خلاف ہو۔

عدالت نے استفسار کیا کہ ملزمہ کو ادویات اور کپڑوں کی فراہمی سے متعلق کیا انتظامات کیے گئے ہیں۔ اس پر جیل حکام نے بتایا کہ سول اسپتال کے معالجین کی تجویز کردہ ادویات باقاعدگی سے فراہم کی جا رہی ہیں، جبکہ ملزمہ اپنی ضرورت کے مطابق عام نوعیت کے کپڑے بھی منگوا سکتی ہے۔

جیل حکام کے مطابق لباس کی فراہمی پر کوئی پابندی نہیں، البتہ تمام انتظامات جیل کے قواعد و ضوابط کے مطابق کیے جاتے ہیں۔

فریقین کا مؤقف سننے کے بعد عدالت نے ملزمہ کی درخواست نمٹا دی۔