لکی مروت:پرانی دشمنی پر فائرنگ، خاتون سمیت 5 افراد جاں بحق
واقعہ وانڈہ حاجی گل کے علاقے میں پیش آیا، جہاں دو مخالف گروپوں کے درمیان اچانک فائرنگ شروع ہوگئی
خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں پرانی دشمنی ایک بار پھر خونی تصادم کی صورت اختیار کر گئی، جہاں فائرنگ کے تبادلے میں خاتون سمیت پانچ افراد جاں بحق ہو گئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ وانڈہ حاجی گل کے علاقے میں پیش آیا، جہاں دو مخالف گروپوں کے درمیان اچانک فائرنگ شروع ہوگئی۔ جھڑپ کے نتیجے میں دونوں جانب جانی نقصان ہوا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق جاں بحق افراد میں ایک فریق کے دو جبکہ دوسرے فریق کے خاتون سمیت تین افراد شامل ہیں۔
اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاشوں کو ضروری کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں، جبکہ مزید قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جا رہی ہے۔