بلوچستان میں انتظامی ردوبدل، کوئٹہ دو نئے اضلاع میں تقسیم
حکومت نے ضلع مستونگ کو بھی قلات ڈویژن سے نکال کر کوئٹہ ڈویژن کا حصہ بنا دیا ہے، جس کے بعد کوئٹہ ڈویژن تین اضلاع پر مشتمل ہو گیا ہے۔
حکومت بلوچستان نے صوبے کے انتظامی ڈھانچے میں اہم تبدیلی کرتے ہوئے ضلع کوئٹہ کو باضابطہ طور پر دو الگ اضلاع میں تقسیم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
جاری کردہ اعلامیے کے مطابق کوئٹہ ڈویژن کی نئی انتظامی تشکیل کے تحت اب ضلع کوئٹہ کی جگہ کوئٹہ ایسٹ اور کوئٹہ ویسٹ قائم کیے گئے ہیں۔ کوئٹہ ایسٹ میں سریاب، صدر اور سٹی سب ڈویژنز شامل ہوں گی، جبکہ کوئٹہ ویسٹ میں کچلاک، بروری اور پنجپائی سب ڈویژنز کو شامل کیا گیا ہے۔
حکومت نے ضلع مستونگ کو بھی قلات ڈویژن سے نکال کر کوئٹہ ڈویژن کا حصہ بنا دیا ہے، جس کے بعد کوئٹہ ڈویژن تین اضلاع پر مشتمل ہو گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق ایک نیا لسبیلہ ڈویژن بھی تشکیل دیا گیا ہے، جس میں لسبیلہ، حب اور آواران کے اضلاع شامل ہوں گے۔ اس نئے ڈویژن کا ہیڈکوارٹر ضلع لسبیلہ میں قائم کیا جائے گا۔
مزید برآں، سب تحصیل سارونہ کی انتظامی حدود میں بھی تبدیلی کی گئی ہے۔ اس کی دو یونین کونسلوں میں سے ایک کو ضلع لسبیلہ جبکہ دوسری کو ضلع حب میں شامل کر دیا گیا ہے۔