سیلاب اور شدید بارشوں سے نمٹنے کے لیے سندھ حکومت نے تیاریاں مکمل کر لیں

موسمی خطرات سے نمٹنے کے لیے وفاق اور سندھ کے درمیان باہمی تعاون اور رابطہ مؤثر انداز میں جاری ہے۔

July 11, 2026 · قومی

سندھ حکومت نے مون سون بارشوں اور ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اپنی تیاریوں کو مکمل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رکھا گیا ہے۔

سینئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں مون سون سیزن کے حوالے سے انتظامات اور حفاظتی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ موسمی خطرات سے نمٹنے کے لیے وفاق اور سندھ کے درمیان باہمی تعاون اور رابطہ مؤثر انداز میں جاری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جدید ارلی وارننگ سسٹم اور پیش گوئی پر مبنی ڈیزاسٹر انٹیلی جنس نظام کے ذریعے موسمی اور جغرافیائی خطرات کی بروقت نشاندہی ممکن ہوگی، جس سے انسانی جانوں، انفراسٹرکچر اور املاک کے تحفظ میں مدد ملے گی۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے باعث پاکستان کو گلیشیئرز کے پگھلنے، سیلاب، دریاؤں میں طغیانی، شدید گرمی اور خشک سالی جیسے چیلنجز کا سامنا ہے، اس لیے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مربوط حکمت عملی اور مسلسل رابطہ انتہائی ضروری ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ سندھ حکومت، ضلعی انتظامیہ، متعلقہ محکموں اور ریسکیو اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے، جبکہ مون سون کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری وسائل، مشینری اور امدادی سرگرمیوں کو ہر وقت فعال رکھا جائے گا۔