نجم سیٹھی کی بیٹی میرا سیٹھی نے اپنی طلاق کا ذمہ دار خود کو ٹھہرا دیا

وقت کے ساتھ انہیں احساس ہوا کہ دوسروں کی توقعات کے مطابق خود کو بدلنے کے بجائے اپنی شناخت اور انفرادیت کو برقرار رکھنا زیادہ اہم ہے

July 11, 2026 · قومی

اداکارہ اور مصنفہ میرا سیٹھی نے پہلی بار اپنی ازدواجی زندگی اور طلاق سے متعلق کھل کر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ شادی اور بعد ازاں علیحدگی ان کا ذاتی فیصلہ تھا، اس لیے وہ اس کی ذمہ داری خود قبول کرتی ہیں۔

ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں گفتگو کے دوران میرا سیٹھی کا کہنا تھا کہ طلاق کے بعد انہیں زندگی کے کئی اہم سبق سیکھنے کا موقع ملا۔ ان کے مطابق انسان کو صرف اپنے جذبات یا گٹ فیلنگ پر انحصار کرنے کے بجائے سوچ سمجھ کر فیصلے کرنے چاہییں، جبکہ کسی بھی رشتے کی خاطر اپنی اصل شخصیت کو تبدیل نہیں کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ وقت کے ساتھ انہیں احساس ہوا کہ دوسروں کی توقعات کے مطابق خود کو بدلنے کے بجائے اپنی شناخت اور انفرادیت کو برقرار رکھنا زیادہ اہم ہے، چاہے تعلق شریکِ حیات سے ہو، دوست سے یا کسی اور قریبی شخص سے۔

میرا سیٹھی کے مطابق اس تجربے نے انہیں ذہنی طور پر زیادہ مضبوط اور بالغ بنایا، اور اب وہ اپنی زندگی کے اس مرحلے پر اطمینان کے ساتھ بات کر سکتی ہیں۔

انہوں نے معاشرے میں طلاق یافتہ خواتین کے حوالے سے موجود رویوں پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ اکثر خواتین کو علیحدگی کے بعد بلاوجہ تنقید اور الزامات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی شادی محبت اور باہمی رضامندی سے ہوئی تھی، اس لیے اس رشتے کے اختتام کی ذمہ داری بھی وہ خود قبول کرتی ہیں۔

میرا سیٹھی نے واضح کیا کہ وہ اپنی طلاق کے لیے کسی دوسرے شخص کو موردِ الزام نہیں ٹھہراتیں، کیونکہ ان کے نزدیک یہ ان کی زندگی سے متعلق ایک ذاتی فیصلہ تھا۔