لنڈی کوتل میں جائیداد تنازع خونریز تصادم میں بدل گیا، 5 افراد جاں بحق
واقعہ جائیداد کے تنازع کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا واقعے میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی،
خیبر ضلع کی تحصیل لنڈی کوتل کے علاقے نیکی خیل میں جائیداد کے تنازع پر دو فریقوں کے درمیان ہونے والی مسلح جھڑپ کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 5 ہو گئی، جبکہ 9 افراد زخمی ہیں، جن میں سے متعدد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
پولیس اور اسپتال ذرائع کے مطابق ہفتہ کے روز نیکی خیل میں عابد گروپ اور بجلی خان گروپ کے درمیان جائیداد کے تنازع پر تلخ کلامی ہوئی، جو دیکھتے ہی دیکھتے مسلح تصادم میں تبدیل ہو گئی۔ دونوں جانب سے ہونے والی شدید فائرنگ کے باعث متعدد افراد موقع پر ہی زخمی اور جاں بحق ہوئے۔
پولیس کے مطابق زخمی ہونے والے سعید خان ولد میثل خان دورانِ علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے، جس کے بعد واقعے میں جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد پانچ ہو گئی۔
اس واقعے میں جاں بحق ہونے والوں میں صیفت اللہ ولد عامر رحمان، رجید اللہ ولد شیر رحمان، قدیر ولد رئیس، انثار ولد محمد نواز اور سعید خان ولد میثل خان شامل ہیں۔
زخمی ہونے والوں میں غلام فاروق ولد یاغیستان، رفیع اللہ ولد بخمل خان، رحیف خان ولد بجلی خان، نعیم ولد نجیب اللہ، فرہاد ولد رحیم، بشیر ولد رؤف، ابراہیم ولد رئیس اور طارق ولد بجلی خان شامل ہیں۔ اسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو اسپتال لنڈی کوتل منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد تشویشناک حالت میں متعدد زخمیوں کو مزید علاج کے لیے پشاور کے اسپتالوں میں ریفر کر دیا گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے میں کشیدگی کے پیش نظر اضافی نفری تعینات کر دی گئی تاکہ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھی جا سکے۔
ایس ایچ او عشرت شینواری نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ جائیداد کے تنازع کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس تمام شواہد اکٹھے کر رہی ہے اور واقعے میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
پولیس کے مطابق علاقے میں صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے، جبکہ مزید کشیدگی سے بچنے کے لیے حفاظتی اقدامات بھی کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ اس واقعے سے ایک روز قبل بھی ضلع خیبر کے علاقے شلمان میں جائیداد کے تنازع پر فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق ہوئے تھے، جس کے بعد علاقے میں امن و امان کی صورتحال ایک بار پھر تشویش کا باعث بن گئی ہے۔