نادرا نے مدینہ منورہ میں خدمات دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کر دیا
مدینہ منورہ اور قریبی علاقوں میں مقیم پاکستانی شہری نادرا آفس سے شناختی دستاویزات اور دیگر متعلقہ خدمات حاصل کر سکیں گے۔
نادرا نے سعودی عرب میں مقیم پاکستانی شہریوں کے لیے مدینہ منورہ میں اپنی خدمات دوبارہ بحال کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
نادرا کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سعودی حکومت کی ہدایات پر حج سیزن کے دوران عارضی طور پر معطل کی گئی خدمات 12 جولائی 2026 سے دوبارہ شروع کی جا رہی ہیں۔ اس فیصلے کے بعد مدینہ منورہ اور قریبی علاقوں میں مقیم پاکستانی شہری نادرا آفس سے شناختی دستاویزات اور دیگر متعلقہ خدمات حاصل کر سکیں گے۔
یاد رہے کہ حج سیزن کے باعث 12 اپریل 2026 سے مدینہ منورہ میں نادرا کی خدمات عارضی طور پر معطل کر دی گئی تھیں۔ اس دوران شہریوں کی سہولت کے لیے جدہ میں قائم نادرا رجسٹریشن سینٹر میں اضافی عملہ تعینات کیا گیا تھا تاکہ درخواست گزاروں کو بروقت خدمات فراہم کی جا سکیں۔
نادرا کا کہنا ہے کہ پاکستانی شہری مزید معلومات کے لیے پاکستان کے قونصلیٹ جنرل سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ متعدد خدمات بدستور پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے بھی دستیاب رہیں گی، جس سے بیرون ملک مقیم پاکستانی مختلف شناختی امور آن لائن انجام دے سکتے ہیں۔
نادرا نے امید ظاہر کی ہے کہ خدمات کی بحالی سے مدینہ منورہ اور نواحی علاقوں میں رہنے والے پاکستانی شہریوں کو شناختی دستاویزات سے متعلق سہولت حاصل ہوگی۔