اسحاق ڈار۔ عباس عراقچی کا رابطہ۔ خطے میں کشیدگی کم کرنے پر زور
پاکستان نے مذاکرات اور سفارتکاری کو خطے کے امن کا واحد مؤثر راستہ قرار دے دیا
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایرانی ہم منصب عباس عراقچی سے ٹیلیفون پر رابطہ کرکے خطے کی تازہ صورتحال اور امن و استحکام سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق گفتگو کے دوران اسحاق ڈار نے کشیدگی میں کمی، تحمل اور مفاہمت کے فروغ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خطے میں دیرپا امن و استحکام کے لیے مذاکرات اور سفارتکاری ہی سب سے مؤثر اور قابلِ عمل راستہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور کشیدگی کے خاتمے کے لیے اپنا تعمیری اور مثبت کردار جاری رکھنے کے عزم پر قائم ہے۔
ترجمان کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے مستقبل میں بھی قریبی رابطے برقرار رکھنے اور باہمی مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔