پنجاب بھر سے 125 وکلاء کے لائسنس معطل
اگر کوئی وکیل مقررہ تاریخ پر پیش نہ ہوا تو اس کے خلاف قانونی ضابطوں کے تحت مزید کارروائی کی جائے گی۔
پنجاب بھر سے 125 وکلاء کے لائسنس معطل
پنجاب بار کونسل نے مبینہ طور پر مشکوک قانون کی ڈگریوں کے معاملے میں ابتدائی کارروائی کرتے ہوئے صوبے بھر کے 125 وکلاء کے لائسنس عارضی طور پر معطل کر دیے ہیں اور انہیں شوکاز نوٹس جاری کر دیے گئے ہیں۔
چیئرمین پنجاب بار کونسل فخر حیات اعوان کے مطابق متعلقہ وکلاء کو آئندہ سماعت پر اپنی اصل ایل ایل بی ڈگری اور اس کی تصدیق شدہ دستاویزات پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی وکیل مقررہ تاریخ پر پیش نہ ہوا تو اس کے خلاف قانونی ضابطوں کے تحت مزید کارروائی کی جائے گی۔
فخر حیات اعوان نے بتایا کہ شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور کی جانب سے موصول ہونے والی فہرست میں تقریباً 1200 قانون کی ڈگریوں پر شبہ ظاہر کیا گیا ہے، جس کے بعد پنجاب بار کونسل نے معاملے کی جانچ پڑتال اور قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
چیئرمین پنجاب بار کونسل کا کہنا ہے کہ جعلی یا مشکوک تعلیمی اسناد رکھنے والے افراد کے خلاف سخت پالیسی اختیار کی جائے گی اور قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ وکالت کے شعبے میں غیر قانونی یا غیر شفاف عمل کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔