مون سون بارشوں کے پیش نظر پنجاب بھر میں ہائی الرٹ

بارش کا پانی بروقت نکالنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور واسا کے آپریشنز کی مسلسل نگرانی کی جائے تاکہ شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

July 12, 2026 · قومی

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مون سون بارشوں کے آغاز کے پیش نظر صوبے بھر کے تمام متعلقہ اداروں، کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور فیلڈ افسران کو مکمل طور پر الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ بارش کا پانی بروقت نکالنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور واسا کے آپریشنز کی مسلسل نگرانی کی جائے تاکہ شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

انہوں نے تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹرز کو فعال رکھنے، نشیبی علاقوں اور پانی جمع ہونے والے مقامات سے فوری نکاسی یقینی بنانے اور برساتی نالوں و ڈرینز کی مسلسل مانیٹرنگ جاری رکھنے کا بھی حکم دیا۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ شہری علاقوں میں بارش کا پانی جمع نہیں ہونا چاہیے، جبکہ محکمہ آبپاشی کی ٹیمیں نہروں میں پانی کے بہاؤ پر مسلسل نظر رکھیں۔ انہوں نے شہری اور دیہی علاقوں میں مین ہولز کے ڈھکن محفوظ رکھنے اور بارشوں کے دوران حفاظتی اقدامات پر سختی سے عمل درآمد کی بھی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ نے کنسٹرکشن سائٹس پر حفاظتی انتظامات مکمل رکھنے، خستہ حال اور حساس عمارتوں کی نگرانی بڑھانے، جبکہ سیف سٹی اتھارٹی، سی ٹی او اور دیگر اداروں کو ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور شہریوں کی بروقت رہنمائی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

انہوں نے واضح کیا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام فیلڈ ٹیمیں ہر وقت تیار رہیں اور بارشوں کے دوران کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔