افسران کے مفت بجلی یونٹس کی سہولت ختم، اب باقاعدہ بل ادا کریں گے

یہ اقدام کئی دہائیوں بعد سامنے آیا ہے، جس کے نتیجے میں متعلقہ افسران اب اپنی بجلی کی کھپت کے مطابق بل ادا کریں گے۔

July 12, 2026 · قومی

لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) میں گریڈ 18 سے 20 تک کے افسران کو دی جانے والی مفت بجلی یونٹس کی سہولت ختم کر دی گئی ہے، جس کے بعد انہیں بھی دیگر صارفین کی طرح بجلی کے بل موصول ہونا شروع ہو گئے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق یہ اقدام کئی دہائیوں بعد سامنے آیا ہے، جس کے نتیجے میں متعلقہ افسران اب اپنی بجلی کی کھپت کے مطابق بل ادا کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ماضی میں گریڈ 18 کے افسران کو سالانہ 6 ہزار، گریڈ 19 کے افسران کو 8 ہزار جبکہ گریڈ 20 کے افسران کو 10 ہزار مفت بجلی یونٹس فراہم کیے جاتے تھے۔

اطلاعات کے مطابق اسی نوعیت کا فیصلہ دیگر بجلی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کے افسران کے لیے بھی کیا گیا تھا، تاہم بعض اداروں نے عدالت سے حکم امتناع حاصل کر کے یہ سہولت عارضی طور پر برقرار رکھی ہوئی ہے۔

لیسکو حکام کا مؤقف ہے کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں مختلف مراعات پہلے ہی شامل ہوتی ہیں، اس لیے مفت بجلی کی سہولت تمام اداروں میں یکساں طور پر ختم ہونی چاہیے۔ انہوں نے وزارتِ توانائی سے مطالبہ کیا ہے کہ اس حوالے سے ملک بھر کی تمام بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے لیے ایک مشترکہ پالیسی نافذ کی جائے۔