پشاور: خیبرپختونخوا بیوروکریسی کے سنیئر افسر نے خود کشی کر لی

متوفی سرکاری افسر جاوید صنم کے اپنے رشتے داروں کے ساتھ طویل عرصے سے جائیداد کے تنازعات چل رہے تھے۔

July 12, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

پشاور: خیبرپختونخوا بیوروکریسی کے ایک سینئر افسر نے صوبائی دارالحکومت پشاور میں مبینہ طور پر گولی مار کر خودکشی کر لی ہے۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق گریڈ 18 کے سرکاری افسر جاوید صنم نے اپنے گھر میں خود کو گولی مار دی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ متوفی سرکاری افسر کے اپنے رشتے داروں کے ساتھ طویل عرصے سے جائیداد کے تنازعات چل رہے تھے، جو ممکنہ طور پر اس انتہائی اقدام کی وجہ بنے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلیٰ حکام جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ ایس پی کینٹ محمد جنید کھرل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ابتدائی شواہد کے مطابق یہ واقعہ خودکشی کا معلوم ہوتا ہے۔ جس کمرے میں یہ واقعہ پیش آیا، وہاں سے اہم فرانزک شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں اور پولیس تمام زاویوں سے معاملے کی تفتیش کر رہی ہے۔

ایس پی کینٹ کا مزید کہنا تھا کہ متوفی کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے اور واقعے کے اصل اور مکمل حقائق پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آنے کے بعد ہی واضح ہو سکیں گے۔ پولیس نے جائیداد کے تنازع سمیت دیگر پہلوؤں پر بھی بیانات قلمبند کرنا شروع کر دیے ہیں۔