پاکستان کی خطے میں کشیدگی کم کرنے کی اپیل،فریقین کو تحمل کا مشورہ
خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششیں جاری رکھنے کےعزم کا اعادہ
پاکستان نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام متعلقہ فریقین سے تحمل کا مظاہرہ کرنے اور فوری طور پر کشیدگی کم کرنے کے لیے عملی اقدامات اٹھانے کی اپیل کی ہے۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان خطے کے تمام برادر ممالک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔
بیان کے مطابق موجودہ صورتحال میں تمام فریقین کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے کشیدگی میں کمی لانے کے لیے فوری اقدامات کرنے چاہییں اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت کیے گئے اپنے وعدوں کی پاسداری یقینی بنانی چاہیے۔
دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان خطے میں دیرپا امن، استحکام اور باہمی اعتماد کے فروغ کے لیے مذاکرات اور سفارتکاری کو ہی مؤثر راستہ سمجھتا ہے اور اس مقصد کے لیے اپنی ہر ممکن سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔