شہباز شریف قطر روانہ، امیرِ قطر سے ملاقات اور اظہارِ تعزیت کریں گے

نواز شریف، اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ بھی ہمراہ ہیں

July 13, 2026 · قومی

وزیراعظم محمد شہباز شریف ایک روزہ سرکاری دورے پر قطر روانہ ہوگئے، جہاں وہ اعلیٰ سطحی ملاقاتوں کے ساتھ سابق امیرِ قطر مرحوم شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کے انتقال پر تعزیت بھی کریں گے۔

وزیراعظم کے ہمراہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ بھی موجود ہیں۔

دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ملاقات کریں گے اور مرحوم شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کے انتقال پر امیرِ قطر، شاہی خاندان اور قطری عوام سے پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے اظہارِ افسوس اور تعزیت کریں گے۔

حکومتی اعلامیے کے مطابق وزیراعظم کا یہ دورہ پاکستان اور قطر کے درمیان دہائیوں پر محیط قریبی، برادرانہ اور دوستانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے اور دونوں ممالک کے باہمی روابط کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔