افغانستان میں پھنسے 70 پاکستانی میڈیکل طلباء طورخم بارڈر کے ذریعے وطن واپس پہنچ گئے
واپسی کے لیے مختلف سماجی و سیاسی شخصیات سے رابطے کیے گئے، جس کے بعد معاملہ متعلقہ حکام تک پہنچایا گیا۔
خیبر: افغانستان میں پھنسے تقریباً 70 پاکستانی میڈیکل طلباء طورخم بارڈر کے ذریعے پاکستان واپس پہنچ گئے۔ طلباء کی واپسی پر اہل خانہ نے اطمینان کا اظہار کیا اور حکام کا شکریہ ادا کیا۔
ذرائع کے مطابق طلباء افغانستان کے مختلف طبی تعلیمی اداروں میں زیرِ تعلیم تھے، جہاں ان کا تعلیمی سیشن چند ہفتے قبل مکمل ہو چکا تھا۔ تاہم طورخم بارڈر پر پیدل آمد و رفت کی پابندی کے باعث وہ کئی روز تک افغانستان میں ہی رکے رہے۔
طلباء کے اہل خانہ نے بتایا کہ واپسی کے لیے مختلف سماجی و سیاسی شخصیات سے رابطے کیے گئے، جس کے بعد معاملہ متعلقہ حکام تک پہنچایا گیا۔ سرکاری اجازت ملنے پر طلباء کو طورخم بارڈر عبور کرکے پاکستان میں داخل ہونے کی اجازت دے دی گئی۔
سرحد پر پہنچنے والے طلباء کا استقبال بارڈر حکام اور مقامی سیاسی نمائندوں نے کیا۔ حکام کی جانب سے طلباء کو کھانے پینے کی سہولت فراہم کی گئی، جبکہ بعد ازاں انہیں ان کے آبائی علاقوں تک پہنچانے کے لیے ٹرانسپورٹ کا بھی انتظام کیا گیا۔
طلباء اور ان کے اہل خانہ نے کامیاب واپسی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں اور حکام کا شکریہ ادا کیا۔