پاکستانیوں کیلئے OpenAI سے 50 ہزار ڈالر جیتنے کا موقع

GPT-5.5 سے متعلق ٹیسٹنگ 27 جولائی 2026 تک جاری رہے گی، جس کے بعد پروگرام کا دائرہ کار GPT-5.6 تک محدود ہو جائے گا۔

July 13, 2026 · قومی

 اسلام آباد: مصنوعی ذہانت کے شعبے میں کام کرنے والے پاکستانی محققین کے لیے خوشخبری ہے، کیونکہ OpenAI نے اپنے بائیو باؤنٹی پروگرام کے تحت اہل امیدواروں کو 50 ہزار امریکی ڈالر تک انعام جیتنے کا موقع فراہم کیا ہے۔

کمپنی کے مطابق اس پروگرام میں پاکستان کو بھی اہل ممالک کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے، جس کے باعث پاکستان میں مقیم افراد بھی درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔ تاہم یہ پروگرام عام صارفین کے لیے نہیں بلکہ محدود اور نجی نوعیت کا ہے، جس میں صرف منتخب محققین کو شرکت کی اجازت دی جائے گی۔

OpenAI کا کہنا ہے کہ بائیو باؤنٹی پروگرام کا مقصد جدید اے آئی ماڈلز میں موجود حیاتیاتی تحفظ سے متعلق حفاظتی نظام کو مزید مضبوط بنانا اور ممکنہ کمزوریوں کی نشاندہی کرنا ہے۔ منتخب شرکاء کو ایسے ممکنہ طریقوں یا پرامپٹس کی نشاندہی کرنا ہوگی جو حفاظتی پابندیوں کو مسلسل نظرانداز کرنے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔

کمپنی نے اس پروگرام کے تحت زیادہ سے زیادہ انعامی رقم 25 ہزار ڈالر سے بڑھا کر 50 ہزار ڈالر کر دی ہے۔ مکمل انعام ان محققین کو دیا جائے گا جو GPT-5.5 یا GPT-5.6 میں مؤثر یونیورسل جیل بریک دریافت کرنے میں کامیاب ہوں، جبکہ بعض جزوی دریافتوں پر بھی انعام دیا جا سکتا ہے۔

OpenAI کے مطابق GPT-5.5 سے متعلق ٹیسٹنگ 27 جولائی 2026 تک جاری رہے گی، جس کے بعد پروگرام کا دائرہ کار GPT-5.6 تک محدود ہو جائے گا۔

دلچسپی رکھنے والے امیدواروں کو مختصر آن لائن درخواست جمع کرانا ہوگی، جس میں نام، ملک، ادارہ اور متعلقہ تجربے کی معلومات فراہم کرنا ہوں گی۔ درخواست گزار کے پاس فعال ChatGPT اکاؤنٹ ہونا بھی ضروری ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ درخواستوں کا مرحلہ وار جائزہ لیا جائے گا، جبکہ کامیاب امیدواروں کو نجی بائیو باؤنٹی پلیٹ فارم تک رسائی دی جائے گی اور شرکت سے قبل رازداری کے معاہدے پر دستخط بھی کرنا ہوں گے۔

OpenAI نے واضح کیا ہے کہ 50 ہزار ڈالر کا یہ انعام ہر ChatGPT صارف کے لیے دستیاب نہیں، بلکہ صرف ان منتخب محققین کے لیے ہے جو انتخابی عمل کامیابی سے مکمل کریں اور پروگرام کی شرائط پر پورا اتریں۔