دیامر میں سیلابی ریلوں سے شدید تباہی،شاہراہِ قراقرم بند

شدید بارشوں کے باعث مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ بھی ہوئی، جس سے شاہراہِ قراقرم کئی علاقوں میں متاثر ہوئی

July 13, 2026 · قومی

دیامر: گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں گزشتہ رات آنے والے سیلابی ریلوں نے مختلف وادیوں میں بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا، جس کے نتیجے میں متعدد مکانات، رابطہ پل، واٹر چینلز، فصلیں، درخت اور پن چکیاں متاثر ہوئیں۔

مقامی انتظامیہ کے مطابق شدید بارشوں کے باعث مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ بھی ہوئی، جس سے شاہراہِ قراقرم کئی علاقوں میں متاثر ہوئی۔ چلاس کے قریب گونر فارم نرسری کے مقام پر سیلابی ریلے کے بعد شاہراہِ قراقرم ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی۔

 

شاہراہ کی بندش کے باعث دونوں جانب گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں، جبکہ سینکڑوں مسافر، جن میں خواتین، بچے اور بزرگ بھی شامل ہیں، راستے میں پھنس گئے۔ مسافروں نے متعلقہ حکام سے سڑک کو جلد از جلد بحال کرنے کی اپیل کی ہے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں نقصانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے، جبکہ سڑکوں، پلوں اور دیگر بنیادی ڈھانچے کی بحالی کے لیے متعلقہ ادارے امدادی اور بحالی کے کاموں میں مصروف ہیں۔