آپریشن شعبان میں مزید 5 دہشت گرد ہلاک۔ مجموعی تعداد 76 ہوگئی
5 جولائی سے جاری مختلف کارروائیوں میں 114 دہشت گرد مارے گئے
پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور پولیس کی جانب سے بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف مشترکہ “آپریشن شعبان” کامیابی سے جاری ہے، جس کے دوران تازہ کارروائی میں مزید 5 دہشت گرد مارے گئے ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف مؤثر زمینی اور فضائی کارروائیاں کر رہی ہیں۔ تازہ آپریشن کے بعد “آپریشن شعبان” میں مارے جانے والے دہشت گردوں کی مجموعی تعداد 76 ہو گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ 5 جولائی سے اب تک “آپریشن شعبان” اور دیگر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں مجموعی طور پر 114 دہشت گرد ہلاک کیے جا چکے ہیں، جبکہ بلوچستان میں دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور پولیس کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ مشترکہ آپریشن میں مزید 5 دہشت گردوں کی ہلاکت سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا ثبوت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ بلوچستان کے امن کو سبوتاژ کرنے والے اپنے انجام کو پہنچ رہے ہیں، پوری قوم سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے اور بے گناہ شہریوں کا خون بہانے والوں کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔