خیبر پختونخوا: 100روپے کی دہی منگوانے پر جھگڑا ، شوہر نے بیوی کو گولی مار دی
خاتون کو تشویشناک حالت میں راولپنڈی کے ہولی فیملی اسپتال منتقل کر دیا گیا، ملزم فرار ہو گیا۔
فائل فوٹو
خان پور:خیبر پختونخوا کے علاقے خانپور میں معمولی بات پر ہونے والا گھریلو جھگڑا ہولناک رخ اختیار کر گیا۔ فقیر آباد (خانپور) میں محض 100 روپے کا دہی منگوانے پر شروع ہونے والے تنازع کے نتیجے میں راولپنڈی کی رہائشی خاتون ارم شہزادی سسرالیوں اور شوہر کے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بن کر زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہو گئیں۔
متاثرہ خاتون ارم شہزادی، جو تین بچوں کی ماں اور راولپنڈی کے علاقے ڈھوک کالا خان کی رہائشی ہیں، کی شادی خانپور کے علاقے فقیر آباد میں ہوئی تھی۔ خاتون کے مطابق جھگڑے کا آغاز صرف 100 روپے کا دہی منگوانے پر ہوا۔تلخ کلامی بڑھنے پر شوہر اور سسرالیوں نے ان پر بدترین تشدد کیا۔
تشدد کے بعد شوہر نے ارم شہزادی پر فائرنگ کر دی، جس سے وہ شدید زخمی ہو گئیں۔متاثرہ خاتون کے جسم پر تشدد اور گولی لگنے کے واضح نشانات موجود ہیں، جس کے بعد انہیں تشویشناک حالت میں راولپنڈی کے ہولی فیملی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
واقعے کے فوراً بعد نامزد ملزم (خاتون کا شوہر) اشفاق احمد جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
تھانہ خانپور پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ دوسری جانب ہسپتال میں زیرِ علاج ارم شہزادی نے اعلیٰ حکام سے انصاف کی اپیل کرتے ہوئے ظالموں کو سخت سے سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔