واٹر لینڈ پارک حادثے میں 9 سالہ بچی کی ہلاکت پر منیجر سمیت 3 افراد گرفتار
کھلے مین ڈرین ہول پر حفاظتی جالی موجود نہیں تھی۔ ڈی آئی جی آپریشن
لاہور کے واٹر لینڈ پارک میں 9 سالہ بچی کی ہلاکت کے واقعے میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے پارک کے منیجر، سیکورٹی انچارج اور سی سی ٹی وی انچارج کو گرفتار کر لیا۔
ڈی آئی جی آپریشنز کے ترجمان کے مطابق 9 سالہ رامین فاطمہ سوئمنگ پول میں موجود کھلے مین ڈرین ہول میں گر کر ڈرینج پائپ میں پھنس گئی، جس کے باعث وہ جان کی بازی ہار گئی۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثہ مین ڈرین ہول پر حفاظتی جالی نہ ہونے کی وجہ سے پیش آیا۔
پولیس نے بچی کی والدہ کی مدعیت میں تھانہ باٹا پور میں مقدمہ درج کر لیا ہے، جبکہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی شواہد کی بنیاد پر پارک کے منیجر، سیکیورٹی انچارج اور سی سی ٹی وی انچارج کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق غفلت یا لاپروائی کے مرتکب کسی بھی فرد کو قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا اور ذمہ دار عناصر کو قانون کے مطابق سزا دلانے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔