شہدا کی قربانیوں کا احترام ہر پاکستانی کی ذمہ داری ہے،شرجیل میمن

دہشت گردی کے خلاف جنگ، سرحدوں کے دفاع اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے مسلح افواج نے بے مثال قربانیاں دی ہیں

July 14, 2026 · قومی

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا اور غازی پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں، اور ان کی قربانیوں کی قدر کرنا ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ، سرحدوں کے دفاع اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے مسلح افواج نے بے مثال قربانیاں دی ہیں، جنہیں قوم ہمیشہ احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ شہدا کے اہلِ خانہ کی قربانیوں کو نظر انداز کرنا یا ان کے بارے میں غیر ذمہ دارانہ بیانات دینا مناسب نہیں، کیونکہ ایسے رویے قومی یکجہتی کو متاثر کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جمہوری معاشرے میں اختلافِ رائے ہر شہری کا حق ہے، تاہم قومی سلامتی اور وطن کے دفاع سے وابستہ معاملات میں ذمہ دارانہ طرزِ عمل اختیار کیا جانا چاہیے۔

سینئر صوبائی وزیر نے سیاسی اور سماجی حلقوں پر زور دیا کہ وہ ایسی زبان سے گریز کریں جس سے قومی اداروں یا شہدا کے لواحقین کے جذبات مجروح ہوں، اور سیاسی اختلافات کو قومی مفاد اور دفاعی اداروں کے احترام سے الگ رکھا جائے۔